وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور مسابقتی کمیشن اور چین کے ادارے ایس اے ایم آر کے درمیان ایم او یو کی منظوری دے دی جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی استعداد میں اضافہ ہو گا۔
اجلاس میں پاکستانی ماہرِ نفسیات محمد سلیم خان کو برطانوی بادشاہ چالز کی جانب سے ایوارڈ وصول کرنے، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکو اٹلی کی جانب سے دیئے گئے گولڈ میڈل کو وصول کرنے جبکہ ہارڈشپ کیٹگری کے تحت خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔
نگران وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عام آدمی کو ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے، ایسی پالیسی مرتب کر رہے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں، ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے قانون سازی کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں۔
