Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، گورنر خیبرپختونخواہ

گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو عزت، آزادی و خودمختاری سے جینے کا حق دیا جائے، بھارت نے گزشتہ 76 سال سے جموں کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ کھڑے کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیاگیا،لاکھوں بچے یتیم ہو گئے اور ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی، بھارت کے جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہر دن بڑھتے ہوئے مظالم و بربریت نہ صرف اس خطہ بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

حاجی غلام علی نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِپیکار ہیں، حق خودارادیت کے جائز حق کے لیے کشمیری عوام کی بے مثال عزم، بلند حوصلہ اور جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے مستقل حل اور بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی میں کامیاب ہوں گے اور ایک آزاد فضاءمیں سانس لیں گے۔

گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت اور عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version