امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کی سیاست نظریاتی سیاست ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے انتخابی حلقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی غیر ملکی ایجنڈے پر آئے تھے، پی ٹی آئی کی منافقت کو ہم جانتے ہیں ، ان کو پتہ نہیں سیاست کس زبان کالفظ ہے اور سیاستدان بنے بیٹھےہیں، کرسی اور اقتدار کی سیاست تمہاری ہوگی ہماری نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی سیاست نظریاتی سیاست ہے، کرسی کی جنگ اگر مفادات کی جنگ ہے توتمہیں مبارک ہو ، ہماری سیاست صداقت کی سیاست ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا لیکن آج پاکستان کی شناخت کو ختم کردیا گیا، ہم نے اسلام کے ذریعے پاکستان کو اپنی شناخت دینی ہے۔
امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین ہماری مخالفت چھوڑ کر اپنی شناخت کروائیں، ہم نےکوئی ناجائز لڑائی نہیں لڑی، جے یو آئی 8 فروری کو کامیاب ہوگی، عوام کا پر خلوص جذبہ کامیابی کی نوید ثابت ہوگا۔
