چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وفاق میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ الحاق مشکل نظر آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قانونی طور پر کوئی قدغن نہیں کہ آزاد امیدوار حکومت نہیں بنا سکتے، خیبرپختونخوا میں کسی پارٹی کو جوائن کیے بغیر بھی حکومت بنا سکتے ہیں، پہلی کوشش ہے کسی بھی پارٹی کو جوائن کریں، وفاق میں کوشش ہو گی کسی ایک پارٹی کو جوائن کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں ہمارے پاس 100 کے قریب سیٹیں ہیں، الیکشن کمیشن نتائج جاری کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے، قومی اسمبلی میں ہمارے پاس کمانڈنگ وکٹری ہے، وفاق میں ن لیگ اور پی پی کے ساتھ الحاق مشکل نظر آرہا ہے، ہم ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر چل سکتے ہیں، وفاق میں پہلی ترجیح ہے کہ حکومت بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے، ہمارے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، جو بانی پی ٹی آئی طے کریں گے وہ ہی وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہو گا۔
