Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مودی سرکار کا اقلیتوں کے خلاف گھناؤنا اقدام، اترکھنڈ میں یکساں سول کوڈ کا بل پیش

بھارت میں انتخابات قریب آتے ہی اقلیتیں ایک بار پھر مودی سرکار کے نشانے پر آگئیں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترکھنڈ کی اسمبلی میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا بل پیش کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے بھارت میں مسلمان سمیت تمام اقلیتیں اپنے بنیادی عائلی حقوق سے محروم ہوجائیں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سول کوڈ کے مجوزہ قانون کے تحت بھارت میں موجود تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں پر شادی، طلاق اور وراثت میں حقوق وغیرہ جیسے عائلی معاملات پر یکساں قانون کا نفاذ ہوگا۔

اس بل کے مطابق مسلمانوں کو ایک بار میں تین طلاق دینے، حلالہ اور ایک سے زائد شادیوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے جب کہ سول کوڈ کے نفاذ سے سب سے زیادہ بھارتی مسلمان متاثر ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ مودی سرکار نے روایتی مسلم دشمنی میں سول کوڈ بل کو اسمبلی میں پیش کیا جب کہ بل پیش کرنے سے قبل مودی سرکار نے بل کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لئے سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کردیے تھے۔

خیال رہے کہ بھارتی مسلمانوں نے سول کوڈ کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف مظاہرے بھی کیے ہیں۔

مذہبی رہنما ساجد رشیدی کہتے ہیں کہ ہر مذہب کے الگ عائلی قوانین ہیں، سبھی مذاہب کے قوانین کو کیسے مشترک کیا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اترکھنڈ کے بعد مودی کے زیر اقتدار دوسری بھارتی ریاستوں کا بھی سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ ہے جب کہ بھارت میں انتخابات سے قبل سول کورٹ کے نفاذ کا بل پیش کرنا مودی سرکار کا اہم سیاسی قدم ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version