ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی اور صفائی بنیادی ضروریات ہیں۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں پانی کی فراہمی، صفائی اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے خصوصی شرکت کی جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، آر ڈی اے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آٹھ ہزار کارکن صفائی پر مامور ہیں جو سات ارب روپے کے سالانہ بجٹ کے ساتھ روزانہ تقریباً 2300 ٹن کچرا ٹھکانے لگاتے ہیں لیکن اس کے باوجود دونوں شہروں میں صفائی کو معیاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت جڑواں شہروں کو پانی کی 47 فیصد کمی کا سامنا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دارالحکومت دوسرے شہروں کیلئے روشن مثال بنے، پانی کی فراہمی اور صفائی بنیادی ضروریات ہیں، کل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہمیں آج فیصلہ سازی کرنا ہوگی۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ مربوط، جامع اور موثر نظام وضع کرنا ہو گا تاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں، اس ضمن میں جلد از جلد تمام ضروری افدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ بھل صفائی کو یقینی بنانا پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری کے لئے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری پانی کی فراہمی میں انتہائی اہم ہے اس لئے اس جانب توجہ مرکوز کرنا ہو گی،اسلام آباد کے قدرتی نالوں کی صفائی کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔
