رمضان سے قبل ہی مسجد نبوی میں معتمرین کی آمد کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
مسجد نبوی کے امور کے نگراں ادارے کے مطابق ایک ہفتے میں 55 لاکھ 80 ہزار سے زائد معتمرین نے روضہ رسول پر حاضری دی جب کہ 3 لاکھ سے زائد خوش نصیبوں نے ریاض الجنۃ پر نماز پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق 12 ہزار سے زائد معذور افراد نے بھی روضہ رسول پر حاضری دی۔ ان افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ مسجد نبوی کی لائبریری سے 11 ہزار 753 افراد نے استفادہ کیا اور مدینے میں ہونے والی مختلف نمائشوں اور عجائب گھروں میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
معتمرین اور عبادت گزاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر معتمرین کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد سے دوسال سے مدینہ پہنچنے والے زائرین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے اور رمضان کے قریب آتے آتے یہ تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سعودی ایوی ایشن کی جانب سے نئی سفری ہدایات سے تمام ائیرلائنز انتظامیہ اور ٹریول ایجنسیوں کو آگاہ کر دیا جس کے تحت 6 ماہ سے کم مدت والے پاسپورٹ کے حامل مسافروں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔
ایئرلائنز انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی مسافر کے پاسپورٹ کی میعاد 6 ماہ سے کم ہو ان کو بورڈنگ سے انکار کردیا جائے۔ اس فیصلے کا اطلاق وزٹ ویزہ، بزنس ویزہ، ٹورٹس ویزہ سمیت تمام اقسام کے ویزوں پر ہوگا۔




















