Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی کسانوں کا ’دہلی چلو‘ مارچ تیسرے روز بھی جاری

بھارتی کسانوں کا دہلی چلو مارچ تیسرے روز بھی جاری ہے جب کہ دہلی اور مضافات میں ایک مہینے کے لیے دفعہ 144 نافذ  کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس نے دہلی اور مضافات میں ایک مہینے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہیں اور دہلی آنے والے تمام راستوں پر روکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جب کہ بھارتی کسانوں نے آج سے پنجاب بھر میں ریلوے سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو پورے ملک میں ریلوے سروس بند کردی جائے گی۔

بھارتی پولیس کی جانب سے کسانوں پر آنسو گیس کی شیلنگ پر انوکھے انداز سے جوابی کارروائی کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کسانوں نے آنسو گیس کے زہریلے اثر کو کم کرنے کے لیے منہ پر ملتانی مٹی لگائی اور جوٹ کے بیگ کو ماسک کے طور پر استعمال کیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی چلو مارچ کے دوران کسانوں نے منفرد طریقہ اپناتے ہوئے پتنگوں کی مدد سے آنسو گیس کے ڈرون کو گرانے کی بھی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کسانوں کا احتجاج، دہلی کی سرحدوں پر ایک ماہ کیلئے کرفیو نافذ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 3 روز سے جاری مارچ میں کسانوں نے سات مقامات پر ٹرین روکنے کی دھمکی دیتے ہوئے “ریل روکو” مہم کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس کے مظالم ڈھانے کے باوجود کسان احتجاج کرنے پر قائم ہیں جب کہ کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کے کسانوں کے حقوق کو پامال کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے بھی کسانوں کو اپنے مقصد سے نہیں ہٹاسکے ہیں۔

متعلقہ خبریں