اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جب کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 34 اعشاریہ 25 فیصد کی سطح پر آگئی ہے جب کہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 78 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے جب کہ مونگ کی دال کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 73 پیسے کا اضافہ ہوا اور دال ماش 1 روپے 92 پیسے مہنگی ہوئی جب کہ بیف کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 12 پیسے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ رواں ہفتے آلو، ماچس، کیلے سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔
علاوہ ازیں ایک ہفتے کے دوران چکن اور انڈے سمیت 11 اشیاء سستی ہوئیں جب کہ رواں ہفتے انڈے 113 روپے 34 پیسے سستے ہوگئے اور چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 83 پیسے کی کمی ہوئی۔
رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 31 پیسے کی کمی ہوئی، ایل پی کا گھریلو سیلنڈر، گڑ اور گندم کا آٹا بھی سستا ہوا جب کہ بریڈ، تازہ دودھ اور خشک دودھ سمیت 18 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔
