کراچی کے علاقے کورنگی ابراہیم حیدری تھانے کے قریب موم بتی بنانے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔
کورنگی میں ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں واقع موم بتی کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، کارخانے میں آتشزدگی سے سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں اور سندھ ریسکیو ٹیم 1122 کا عملہ آگ بھجانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچا، ایک گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب کسی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ تین سے چار سال سے یہاں فیکٹریاں بنی ہوئی ہیں جبکہ پہلے بھی اس جگہ پر آگ لگنے کے واقعات ہوئے اور گھروں کو نقصان پہنچا۔
