امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کہتے ہیں کہ اسرائیل کے پاس پڑوسی ممالک سے تعلقات بحال کرنے کا اچھا موقع ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق میونخ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے لیے آنے والے مہینوں میں اپنے عرب پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا ایک غیر معمولی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی کے احیاء کے لیے حقیقی کوششیں ہو رہی ہیں تاکہ فلسطینیوں کی نمائندگی مزید مؤثر ہوسکے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عملی طور پر ہر عرب ملک اب سیکیورٹی کے وعدوں اور یقین دہانیوں پر اسرائیل کی موجودگی کو تسلیم کرنا چاہتا ہے تاکہ تعلقات کو معمول پر لایا جاسکے۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 127 فلسطینی شہید جب کہ 205 زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار تک جا پہنچی ہے جب کہ 68 ہزار 883 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔




















