آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اور ڈچ ہاکی ٹیم کا وزٹ انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کا امن پسند اور مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے ڈچ ہاکی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔
شائقین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کو اپنے درمیان پا کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ڈچ ہاکی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں نے آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہاکی میچ کو پولیس شہداء کے نام منسوب کیا- آئی جی پنجاب نے پولیس شہدا کیلئے ٹربیوٹ میچ منعقد کروانے پر لیجنڈ ہاکی پلئیر خواجہ جنید کی کاوش کو سراہا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، پی ایس ایل اور ڈچ ہاکی ٹیم کا وزٹ انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کا امن پسند اور مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کا کھیلوں کے ساتھ پرانا تعلق ، فضل محمود ، منیر ڈار سمیت متعدد بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی پولیس کا حصہ رہے ہیں، پولیس اتھلیٹس کو آئندہ قومی مقابلوں کو پنجاب گورنمنٹ سے زیادہ میڈلز جیتنے کا ٹارگٹ دے رکھا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ چین سمیت دیگر یورپی ممالک کی سپورٹس ٹیموں کے پاکستانی آمد کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا، پنجاب پولیس نے خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کے ساتھ ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کیلئے ایم او یو سائن کر رکھا ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس اتھلیٹس نے ملکی و غیر ملکی سطح کے سپورٹس مقابلوں میں متعدد میڈلز اور اعزازات اپنے نام کئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد ریاض نذیر گاڑا ، کمانڈنٹ چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ اور ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل سمیت دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔
