روس نے غزہ کے مظلوم شہریوں کے خلاف جنگ کو اسرائیل کا حق دفاع قبول کرنے سے انکار کردیا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں روس نے کہا کہ غزہ کی صورتحال خوفناک ہے، اسرائیلی حملوں میں معصوم بچوں اور عورتوں سمیت بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں۔
عالمی عدالت انصاف میں روس نے مؤقف اپنایا کہ ہم غزہ میں شہریوں کے خلاف تشدد کو حق دفاع کے طور پر قبول نہیں کرسکتے۔
روس کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی آبادکاری پالیسی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت اسرائیل کو خلاف ورزیاں ختم کرنے اور ان کا معاوضہ ادا کرنے کا کہنے میں حق بجانب ہوگی۔
روس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی تمام خلاف ورزیوں کا بہترین حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے بھی کہا تھا کہ اسرائیل کو فلسطین میں قابض طاقت کے طور پر غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف اپنے دفاع کا کوئی حق نہیں ہے۔




















