میئرکراچی کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹرآئے اور کے ایم سی کو شیئر ملے۔ کوشش ہوگی کہ بین الاقوامی سطح کے مقابلے بھی یہاں منعقد کرائے جائیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد باؤلنگ ایرینا مکمل ہو جائے، کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹرآئے اور کے ایم سی کو شیئر ملے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہرمیں کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم تنقید برائے تنقید کرتے ہیں ہمیں چاہئے کہ اس شہر کا سوچیں،کوشش ہوگی کہ بین الاقوامی سطح کے مقابلے بھی یہاں منعقد کرائے جائیں۔
میئرکراچی نے کہا کہ باؤلنگ کے کھیل میں اس وقت پاکستان کی موجودہ عالمی رینکنگ 77 ہے، امید ہے کہ نوجوانوں کی کوششوں سے اس میں بہتری آئے گی۔
مرتضٰی وہاب نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں باؤلنگ کا کھیل مقبولیت حاصل کر رہا ہے، کے ایم سی کے اس اقدام سے انہیں فائدہ ہوگا، شہریوں کے لیے مختلف کھیلوں کی سہولیات کو فعال اور بہتر بنانے کا عمل جاری رہے گا۔
