نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سیکٹر کے لئے کچھ نہ کرنے کا افسوس رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے بیٹ رپورٹرز نے الوداعی ملاقات کی جس میں بیٹ رپورٹرز نے محسن نقوی کی خدمات کو سراہا اور روڈا ہاؤسنگ اسکیم پر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ مریم نواز شریف کی کامیابی کے لئے دعاگو ہوں، مجھے یقین ہے مریم نواز شریف بطور وزیراعلیٰ مجھ سے بہتر پرفارم کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کسی بھی سیاسی حکومت سے موازنہ درست امر نہیں، تجاوزات کے خاتمے اور ایجوکیشن سیکٹر کے لئے کچھ نہ کرنے کا افسوس رہے گا، پنجاب میں ریگولر کے علاوہ 900ارب روپے کا سرپلس بجٹ چھوڑ کر جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کئی سال سے واجب الادا گندم خریداری کا 600ارب روپے کا قرض اتار کر جارہے ہیں،104 سے زائد اسپتال اور 130سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے بعد میڈیا کمیونٹی میں واپس آنا ہے، میڈیا کے دوستوں کے لئے بہت کچھ کرنے کی خواہش تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹیم نے بھرپور ہمت اور حوصلے سے دن رات محنت کرکے ہدف حاصل کئے۔
اس موقع پر رپورٹرز نے محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے بحیثیت وزیراعلیٰ دن رات کام کرکے صحافیوں کا سربلند کیا، محسن نقوی اور عامر میر نے صحافیوں کو حقوق دلانے کے لئے بھرپور کاوشیں کیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، سیکرٹری اطلاعات دانیال سلیم گیلانی، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔
