مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے، عوام کو طبی سہولتیں دینا کوئی احسان نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سرکاری اسپتالوں کے لئے سنٹرل پتھالوجی لیب بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ میڈیسن کی ہوم ڈیلیوری یکم مئی سے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں فری میڈیسن کی فراہمی کا پلان طلب کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پنجاب کے بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پتھالوجی لیب سسٹم میں بہتری کے لئے تجاویز طلب کیں جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب بھر میں پتھالوجی لیب کا معیار بہتر بنانے کا حکم، پلان بھی طلب کیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں خالی، متروک اور بند پڑے ہسپتالوں کی عمارتوں کی فہرست طلب کیں جبکہ 3 اضلاع میں میڈیکل سٹی بنانے کے لئے سفارشات اور تجاویز طلب کیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے،میڈیسن دینے کا عہد پورے کریں گے جبکہ پسماندہ اور دور دراز شہروں کے لوگوں کا بھی طبی سہولتوں پر پورا حق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو طبی سہولتیں دینا کوئی احسان نہیں، احسان کرنے والا رویہ بدلنا ہوگا جبکہ ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائین کرکے جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں سابق سینیٹر پرویز رشید،ارکان اسمبلی، مریم اورنگزیب، خواجہ سلیمان رفیق،عظمیٰ بخاری،بلال کیانی،خواجہ عمران نذیر، ثانیہ عاشق نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، صحت، فنانس،پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی، پی ڈی ہیپاٹائٹس،ڈی جی ہیلتھ سروسزاور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔
