Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز کی اپوزیشن رہنما کو مل کر ایوان چلانے کی پیشکش

لاہور: مریم نواز نے مثبت جمہوری روایت قائم کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کو مل کر ایوان چلانے کی پیشکش کردی۔

پنجاب کی نومنتخب اور پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مثبت جمہوری روایت قائم کردی ہے جب کہ وہ اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کی نشست پرگئیں اور انہیں مل کر ایوان چلانے کی پیش کش کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جتنی حکومتی ارکان کی وزیراعلیٰ ہوں، اتنی ہی آپ کی بھی ہوں، آپ سب کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخاب کے دن آپ سے میری ملاقات نہ ہوسکی جب کہ رانا آفتاب احمد نے مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس دن کوئی جگہ بتادی جاتی تو ہم آجاتے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میں نے اس دن لوگوں کو آپ کے پیچھے بھیجا جب کہ میں نے پوری کوشش کی کہ آپ اس عمل میں شریک ہوں۔

واضح رہے کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان اسمبلی، مریم اورنگزیب، خواجہ سلیمان رفیق، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، خواجہ عمران نذیر اور ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، صحت، فنانس،پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی، پی ڈی ہیپاٹائٹس، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version