Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اب پنجاب میں خواتین کیخلاف تشدد کا خاتمہ ہوگا، عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ اب پنجاب بھر میں خواتین کیخلاف تشدد کا خاتمہ ہوگا۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے نظام کو لانے کا اعلان صرف شعبدہ بازی ہوتی ہے، مریم نواز نے تعلیم، صحت، کوڑا کرکٹ اٹھانے کی مہم سمیت ہر شعبے میں کام ہوتا نظر آرہا ہے، پنجاب کے تمام محکمے مکمل کام کر رہے ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل بدقسمتی سے مہنگائی کا ایک طوفان آتا ہے، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر چیک رکھنے کے لئے ایک نیا محکمہ تشکیل دیا جا رہا ہے، 64 لاکھ خاندانوں کو ملکی تاریخ میں پہلی بار گھر کی دہلیز پر رمضان پیکٹ پہنچائے جائیں گےجبکہ سستے رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ 15 اضلاع میں پہلے ماڈل رمضان بازار نہیں ہوتے تھے، اب وہاں بھی یہ بازار لگائے جا رہے ہیں جبکہ بڑے اور پوش علاقوں میں تو صفائی ہو جاتی ہے لیکن غریب علاقوں اور دیہات میں صفائی نہیں ہوا کرتی تھی لیکن مریم نواز نے ملکل صفائی کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا ہے اور اب روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا عمل جاری ہے ۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان کا کہنا تھا کہ اب صوبہ بھر میں خواتین کیخلاف تشدد کا بھی خاتمہ ہو گا، سیف سٹی اتھارٹی نے اس حوالے سے ایک نئی ایپ بنا لی ہے جسے 8 مارچ کو وزیراعلیٰ مریم نواز لانچ کرینگی، اب 15 پر آنے والی کالز کو بھی اس کے ساتھ اٹیچ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کی ٹیم ہر لمحے پر متاثرہ خاتون سے رابطے میں ہوگی، پنجاب کی خواتین کے ساتھ وزیراعلیٰ مریم نواز ہے وعدے پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز کوئی پریشر نہیں لیتی ہیں، وزیراعلیٰ ڈیڈ لائن کے ساتھ ٹاسک دیتی ہیں اور اس ٹاسک کی باقاعدہ رپورٹ بھی لی جاتی ہے، تجاوزات والوں کو بھی ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے، کسی غریب کا رزق اٹھا دینا ہمارا مطمع نظر نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کوڑا ٹھکانے لگانے کے لئے نئی ڈمپنگ سائٹس پر بھی کام ہو رہا ہے، اس کوڑے کی ری سائیکلنگ کے پراجیکٹ مثلا بائیو گیس یا بجلی وغیرہ پر بھی کام جاری ہے، کوڑا ٹیکس کے حوالے سے ابھی تک تو کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن بہرحال ہمیں اس طرف جانا ہی ہوگا۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سب کی وزیراعلیٰ ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، ہم پر پریشر تھا کہ رمضان پیکج اراکین اسمبلی کے ذریعے دیا جائے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب نے اس کو مسترد کر دیا ہے، غریب اور مستحق افراد کا ڈیٹا بیس تیار کیا جا رہا ہے، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور مصنوعی مہنگائی نہیں ہونے دی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version