کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نائب کپتان سعودشکیل کا کہنا ہے کہ کپتان بننے کا شوق نہیں لیکن موقع ملے تو ضرور قبول کروں گا۔
نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اچھی شروعات ہوئی ہے، اگر ایسے ہی کھیلتے رہے تو فائنل بھی کھیلں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں بطور اوپنر ایک نیا رول ملا اور اب تک اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں جب کہ مجھے صرف دو دن پہلے ہی بتایا گیا تھا کہ اوپننگ کرنی ہوگی۔
سعود شکیل نے کہا کہ اوپننگ بڑا مسئلہ نہیں کیوں کہ فرسٹ کلاس میں نمبر 3 پر کھیلتا رہا ہوں، پاکستان کے لیے پانچویں نمبر پر کھیلا ہوں تاہم میں ہمیشہ سے تیسرے نمبر پر ہی بیٹنگ کرنا چاہتا تھا لیکن اب جہاں بھی موقع ملے چینلج سمجھ کر قبول کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ پر شاٹس مارنا پسند کرتاہوں لیکن اپنی گیم ٹی ٹوئنٹی کے حساب سے تبدیل کی ہے، پاکستان اور بھارت میں پچز کا اتنا فرق نہیں، بھارت کے گراؤنڈ پاکستان سے چھوٹے ہیں، پاکستان کی نسبت بھارت میں گیند اسپن زیادہ ہوتی ہے۔
کپتانی سے متعلق بات کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کپتان بننا فخر کی بات ہوتی ہے، ایسا نہیں کہ میں کپتان بننا چاہتا ہوں لیکن موقع ملے تو ضرور قبول کروں گا کیوں کہ سیکھنے کا موقع ملتاہے،کپتان بننے کا پریشر ہینڈل کرنا کھلاڑی پر خود ہوتا ہے۔
