عمومی صدارت حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مناسک کی آسان ادائیگی کے لیے مطاف عمرہ زائرین کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق طواف کرنے والے زائرین بالائی منزلوں سے کعبہ کا طواف کر سکتے ہیں۔
حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’زائرین کی سلامتی اور مناسک کی آسانی کے ساتھ ادائی کے لیے مطاف کو عمرہ زائرین کے لیے مختص کیا جا رہا ہے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مطاف میں صرف طواف ہو گا، نماز پڑھنے والوں کو چاہئے کہ وہ مختلف مصلوں میں جا کر نمازیں ادا کریں‘۔
قبل ازیں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک منصوبے کا اعلان کیا ہے جبکہ رمضان المبارک کے دوران تراویح اور تہجد کی نمازوں کی اماموں کا تقرر بھی کیا گیا ہے۔
ان دنوں مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں سعودی عرب کے اندر اور باہرسے آنے والے زائرین اور معمترین کو خدمات فراہم کرنے کےلیے مقابلہ ہے کیونکہ زائرین ماہ صیام میں مسجد حرام اور بیت اللہ کے زیادہ قریب رہنے کے خواہاں ہیں جب کہ ہوٹل بھی زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
قومی کمیٹی برائے حج ،عمرہ اور زیارت کے رکن محمد بن یحییٰ السمیح نے العربیہ کو بتایا کہ مکہ میں 1,150 سے زیادہ ہوٹل ہیں، جن میں 260,000 سے زیادہ رہائشی کمرے ہیں۔ انہیں اعلیٰ بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
السمیح نے نشاندہی کی کہ 130 سے زائد عمرہ کمپنیاں اور ادارے موجودہ عمرہ سیزن کے دوران ضیوف الرحمان کو ہرممکن خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جس میں حجاج کرام کا استقبال، ایئرپورٹ اور ہوٹلوں سے ان کا خیر مقدم، اور مسجد حرام میں ان کی داخلے کی نگرانی اور مناسک اور عبادت کے دوران انہیں ہرممکن سکون اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے ضیوف الرحمان کو ان کی آمد سے لے کر عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے بعد اپنے وطن روانہ ہونے تک بہترین خدمات فراہم کرتے ہیں۔




















