Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش میں آؤٹ انڈیا کے بعد بائیکاٹ انڈیا مہم زور پکڑنے لگی

ڈھاکہ: بنگلادیش میں آؤٹ انڈیا مہم کے بعد بائیکاٹ انڈیا مہم زور پکڑنے لگی ہے۔

بنگلا دیش میں ایک بار پھر بائیکاٹ انڈیا مہم زوروں پر ہے جب کہ شیخ حسینہ واجد کے مسلسل چوتھی بار اقتدار میں آنے کے باوجود بھارت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بنگلا دیش کے لیے 50 ہزار ٹن پیاز کی درآمد کی اجازت کے باوجود بائیکاٹ انڈیا مہم جاری ہے، ڈھاکہ اور چٹاگانگ کے بڑے تجارتی مراکز میں تاجروں نے بھارتی سامان لینے سے انکار کردیا۔

بنگلادیشی عام انتخابات میں مبینہ مداخلت کے پس منظر میں بھارت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوگیا جب کہ بھارت کی جانب سے شیخ حسینہ واجد کی کھلم کھلا حمایت پر بنگلادیش میں بائیکاٹ انڈیا مہم زور پکڑنے لگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیرون ملک مقیم بنگلادیشی اور اپوزیشن جماعتیں بھی بائیکاٹ انڈیا مہم کی حامی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کو بنگلادیش میں بھارت کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کا نوٹس لینا چاہیے۔

خیال رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان سرحدی تنازعات کے ساتھ 53 دریاؤں کے پانی کی تقسیم کا بھی جھگڑا ہے، 2010 سے اب تک بھارتی فورسز سرحد پر 1276 بنگلادیشیوں کو ہلاک کرچکی ہیں۔

دوسری جانب مالدیپ میں بھی آؤٹ انڈیا مہم کامیاب ہوچکی ہے جب کہ مالدیپ کے نومنتخب صدر نے بھی حلف اٹھاتے ہی بھارتی فوجیوں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ خبریں