قومی ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ وہ اے بی ڈی ویلیئرز اور کیرون پولارڈ کی وکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند تھے اور ان کی ایک خواہش پی ایس ایل میں پوری ہوگئی۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے کہا کہ کیرون پولارڈ کی وکٹ لینا ان کی خواہش تھی جو اس پی ایس ایل میں پوری ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ پولارڈ کو آؤٹ کرکے اچھا لگا کیوں کہ وہ اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، اس کے علاوہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو آؤٹ کرنے کی خواہش تھی مگر وہ کرکٹ چھوڑ چکے ہیں۔
پی ایس ایل 9 میں اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ وہ اب تک مطمئن نہیں ہیں تاہم بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میری پرفارمنس سے ٹیم فائنل جیتنے میں کامیاب ہوجائے۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹری اسپنر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی بولرز کے لیے مشکل ہے لیکن اچھی بولنگ کریں تو کامیابی ملتی ہے، ورلڈکپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، خواہش ہے کہ اچھی پرفارمنس دےکر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنوں۔
