احسن اقبال نے کہا ہے کہ پلاننگ کمیشن کو تمام اداروں کے لئے رول ماڈل کا کردار ادا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت منصوبہ بندی کمیشن اصلاحات کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا کی جانب سے منصوبہ بندی کمیشن اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارت منصوبہ بندی، ممبران پلاننگ کمیشن اور حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کے لئے معاشی و ترقیاتی ترجیحات کا درست تعین منصوبہ بندی کمیشن کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وزیراعظم پاکستان کا وژن ہے کہ قومی اداروں میں بہترین دماغوں اور باصلاحیت افراد کار کو لا کر ملکی اداروں کی استعداد کار میں بہتری لائی جائے، پلاننگ کمیشن میں باصلاحیت افراد کو لانے کے لئے مروجہ طریقہ کار کی پیچیدگیاں ختم کرکے نیا اور بہتر میکنزم تشکیل دیا جائے۔
احسن اقبال نے سیکریٹری کو ہدایت دی کہ وزرت منصوبہ بندی اور منصوبہ بندی کمیشن میں افسران کی استعداد کار میں بہتری لانے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے، صوبوں اور دیگر وزارتوں سے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون کے جائزہ کے لئے ماہرین کی شراکت کا دائرہ بڑھانے کے لئے میکنزم طے کیا جائے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ممبران منصوبہ بندی کمیشن کو ہدایت دی کہ موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے نجی شعبے، اوورسیز، اکیڈیمیا اور انڈسٹری سے پروفیشنلز اور ماہرین کو سرکاری شعبے میں لانے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے، وقت کم ہے اور چیلنجز بے شمار، ہمیں نظام کی پیچیدگیاں بدل کر اپنے ڈھانچے کو فعال بنانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سفارشات مرتب کر کے جلد پیش کی جائیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ تمام ممبران اور کمیشن میں موجود ماہرین کی کارکردگی رپورٹ سہ ماہی بنیادوں پر مرتب کی جائے، پلاننگ کمیشن میں موجود افراد کار، ماہرین اور افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے ٹھوس پیمانے (کے پی آئیز) وضع کر کے پیش کئے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہترین صلاحیتوں اور تجربہ کے حامل افراد کی ترقیاتی عمل کی منصوبہ بندی میں شراکت ناگزیر ہے، پلاننگ کمیشن کو تمام اداروں کے لئے رول ماڈل کا کردار ادا کرنا ہے اس کے لئے مثالی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ سرکاری و نجی شعبے، اکیڈیمیما، انڈسٹری کی شراکت سے مختلف شعبوں سے ماہرین اور تجربہ کار افراد پر مشتمل اعلیٰ سطحی پالیسی بورڈ تشکیل دیا جائے، سیکریٹری منصوبہ بندی و ممبران پلاننگ کمیشن اس پالیسی بورڈ کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار کی تفصیلات طئے کر کے جلد از جلد سفارشات پیش کریں۔
