نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے پراسرار طور پر لاپتا ہونے والے دونوں بھائی بہن مل گئے ہیں اور ان کی والدہ نے بچوں کی واپسی کی تصدیق بھی کردی ہے۔
گزشتہ روز لاپتا ہونے والے بچوں کی والدہ شمائلہ ناز کی جانب سے سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل کی گئی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ ایان اور انابیہ نامی یہ دونوں بہن بھائی رات کو 11 بجے گھر سے نکلے تھے اور ابھی تک گھر واپس نہیں آئے۔

والدہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ بچے گھر کے قریب فاسٹ فوڈ سینٹر گئے تھے ، بچوں کو ہر جگہ ڈھونڈا لیکن کوئی معلومات نہ مل سکی۔
اس حوالے سے بچوں کے ماموں راشد نے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں کے والدین کے درمیان علحیدگی ہوچکی ہے اور پولیس کو بچوں سے متعلق اطلاع کردی گئی ہے، جو بچوں کو تلاش کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ نارتھ ناظم آباد سے 2 کم عمر بہن بھائی پراسرار طور پر لاپتہ
بعد ازاں لاپتا بچوں کی واپسی سے متعلق ان کی ماں شمائلہ ناز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ دونوں بچے خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں۔
والدہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی والدہ کے مطابق کسی پرائیویٹ نمبر سے فون آیا اور حیدری پر کوئی جگہ بتائی گئی، میرا بھائی رینجرز کے ساتھ اس جگہ پہنچا تو بچے مل گئے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے مل گئے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ اغوا کا کوئی چکر نہیں ہے، بچے اپنی مرضی سے گئے تھے تاہم پولیس نے بچوں کو ڈھونڈنے کیلئے بہت کوشش کی، ہم نے لوگوں سے بھی رابطہ کیا اور سوشل میڈیا پر بھی وائرل کیا۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ بچے ناراض تھے اس لیے گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے، ہم بچوں کے بیان لیں گے اور دیکھیں گے کیا کرنا چاہیے، ہمیں بچوں کے ماموں نے بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے رپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی والدہ باہر رہتی ہیں، ہم بچوں کو وہیں بھیجیں گے جہاں وہ جانا چاہتے ہیں، بچے اپنی نانی کے ڈر اور مار کے خوف سے گھر سے بھاگ گئے تھے، انابیہ اور ایان کا کہنا ہے کہ خالہ برتن اور واش روم صاف کرواتی تھی۔