وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں ہیلتھ انشورنش پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ہیلتھ انشورنش کی ری لانچنگ کے لئے تجاویز اور سفارشات پر غورکیا گیا اور ہیلتھ کارڈ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے منظوری دیتے ہوئے ہیلتھ کارڈ کی ری لانچنگ کے لئے 3ماہ میں قابل عمل پلان طلب کر لیا۔
اجلاس کے دوران انھوں نے کہا کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے۔ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پراجیکٹ ہے۔ پائیدارمیکنزم کے ساتھ ری لانچنگ کریں گے۔
اجلاس میں سینیئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ، سیکریٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔
