سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے رمضان کے فوری بعد دورہ پاکستان کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کال پر منصب سنبھالنے کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے لیے سعودی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان پہلے غیرملکی سربراہ حکومت ہو سکتے ہیں جو پاکستان میں نئی حکومت آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے اور وہ ممکنہ طور پر عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
ٹیلی فونک رابطہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے پر پیغام دیا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام پر بہت شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کیلئے اپنی پرخلوص خواہشات اور نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت چین، امریکا، خلیجی ممالک اور اہم یورپی اور مشرق بعید کے ممالک سے سفارتی چینلز سے موصول ہونے والی مبارکباد اور حمایت کے پیغامات پر مطمئن ہے۔




















