Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تمام اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان نےکہا ہے کہ تمام اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ کئیر کمیشن ڈرافٹ کی تشکیل اور نمایاں خدمات پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو اعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نےکہا کہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 30 روز میں جامع ایکشن پلان تشکیل دیا جائے جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں دس دن کے اندر سرجنز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کی بہتری کیلئے مجوزہ اقدامات پر آج ہی سے عمل درآمد شروع کرائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہیلتھ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے کی پیشگی ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ ادائیگی کے بعد کام نہیں ہوا، ذمہ داری کا تعین کرکے انکے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، آئندہ ایس این ای کے بغیر کوئی  منصوبہ زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ طے شدہ کرائیٹیریا پر پورا نہ اترنے والے بنیادی مراکز صحت عوامی وسائل پر بوجھ ہیں ، تمام غیر فعال مراکز بند کردئیے جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ میرٹ پر منتخب ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے لئے متعلقہ اضلاع بھیجا جائے ، برن یونٹ کو توسیع دیکر تمام طبی سہولیات سے مزین جدید برن سینٹر قائم کیا جائے۔

اجلاس میں رکن اسمبلی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صحت و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version