Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات مکمل، اعلامیہ کل جاری کیا جائے گا

پاکستان آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں جس کا اعلامیہ صبح تک جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت آخری اقتصادی جائزہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، بات چیت کامیاب ہونے کی صورت میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالرز کی آخری قسط ملےگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے کل صبح اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف اعلامیہ میں اسٹاف سطح معاہدے کا اعلان متوقع ہے ، معاہدے کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے 1.1 ارب ڈالرکی منظوری کا امکان ہے۔

موجودہ پروگرام کی تکمیل کے بعد پاکستان آئی ایم ایف سے 4 سال کے نئے پروگرام کا بھی خواہش مند ہے، جس میں قرض کی مالیت ساڑھے 7 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلامیہ میں پاکستان آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پا جانے کا قومی امکان ہے جب کہ آئی ایم ایف کے بیان کے بعد وزارت خزانہ سے بھی بیان جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی وفد کے آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات مکمل نہ ہوسکے جس کے بعد مذاکرات میں توسیع کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور آج مذاکرات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version