احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات تسلی بخش ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، ملکی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے، ملک کو مستقل طور پر قرضوں اور امدادوں پر نیں چلایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے جس سے شدید نقصان ہوا، اپوزیشن اب پارلیمنٹ میں بیٹھ کر اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ ملک کو آگے لیکر جایا جا سکے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات تسلی بخش ہیں ، ایک سیاسی جماعت نے آئی ایم آیف کے دفتر کے باہر مظاہرے کر کے مذاکرات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جو کہ دہشتگردی کے مترادف ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہونے چاہے اور اس حوالے سے دوست ممالک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
