وفاقی حکومت نے تاجروں سے بجلی بلوں کے ذریعے ٹیکس لینے کی اسکیم تیار کرلی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریونیو اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے حوالے سے پرچون فروش تاجروں کے لیے ٹیکس اسکیم تیار کر لی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت حکومت نے 35 لاکھ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے فیصلہ کیا ہے جس میں تاجروں سے ٹیکس ماہانہ بجلی بلوں میں وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر تیار کی جانے والی مجوزہ اسکیم کے تحت ٹیکس اصل دکان مالک سے نہیں بلکہ وہاں کاروبار کرنے والے دکاندار سے اْس کی قابل ٹیکس آمدن پر وصول کیا جائے گا اورتاجروں کی سالانہ آمدن کو 12 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے بجلی کے بلوں میں تاجروں کیلئے ایک نیا کالم متعارف کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اسکیم نئے مالی سال کے بجٹ سے پہلے لائی جاسکتی ہے جب کہ آئی ایم ایف کو بھی مجوزہ پلان سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
