مریم نواز نے کہا ہے کہ یوم پاکستان دھرتی سے عہد الفت کی تجدید کادن ہے۔ مسلم لیگ نواز شریف کی قیادت میں تعمیر پاکستان کی قرارداد پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان دھرتی سے عہد الفت کی تجدید کادن ہے۔ تعمیر پاکستان کے لئے آج بھی تحریک پاکستان والےجذبے کی ضرورت ہے۔ قوم قرارداد پاکستان منظور کرنے والے مسلم لیگ کے عمائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ 23 مارچ تحریک آزادی اور شہداء تحریک پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے۔ قرارداد پاکستان کی طرح آج قرارداد ترقی پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے، مسلم لیگ نے قیام پاکستان کی جدوجہد کی اور مسلم لیگ نواز شریف کی قیادت میں تعمیر پاکستان کی قرارداد پر عمل پیرا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج ہم سب کو دہشت گردی، کرپشن، غربت اور بے روزگاری کیخلاف قرارداد منظورکرنی ہے، آج حکومت کو عوام کی خدمت اورعوام کو ذمہ دارشہری بننے کی قرارداد منظور کرنی ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں ماحول صاف رکھنے، پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانے کی قرارداد بھی منظورکرنی ہے۔ نوجوانوں کو پاکستان کے استحکام اور ترقی کی کے لیے کام کام اور کام کی قرارداد کو اپنانا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پرچلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان پائندہ باد۔
