بشام میں چینی باشندوں پر دہشت گرد حملے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس سفاکانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واقعہ میں چینی باشندوں کی جانوں کے ضیاع پر پوری پاکستانی قوم افسردہ ہے۔ حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کر کے جانیں بچائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریاست کے تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے واقعہ کی جامع تحقیقات کی ہدایت کر دی۔
اجلاس سے متعق اعلامیے میں کہا گیا کہ شرکا نے سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زوردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شرکا نےبھی ریاست کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے جامع طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روزبشام شانگلہ میں چائنیزکانوائے پرخود کش حملے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے آج صبح ملک میں امن وامان کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظراعلٰی سطح کا اجلاس طلب کیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرسمیت اعلی عسکری و سول حکام اوراینٹلی جنس اداروں کے سربراہان، وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے آئی جیزبھی شریک تھے۔
سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امورپرغورکیا گیا اورچینی باشندوں پرحملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیرِاعظم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کے مذموم ہتھکنڈوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر بزدلانہ حرکت کی۔ دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے پاکستان اورچین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے دہشت کو ہتھیار بنایا ہے، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب بشام میں چائنیزکانوائے پرحملے سے متعلق ایف آئی آرکےاندراج کےلیےسی ٹی ڈی کومراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جس میں دہشتگردی کی دفعات کےتحت ایف آئی آردرج کرنےکی استدعا کی گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روزبشام کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ غیرملکی باشندوں سسمیت 6 افراد ہلاک ہوئے۔
