وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے بجلی قیمتوں میں کمی کی نوید سنادی۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے ایک بیان میں کہا کہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی، یہ مجموعی کمی ڈالر کے لحاظ سے سہہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی جس سے ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی وہ کم ہوکر 2 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے جس سے بجلی کے بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہو گی۔
وزیر توانائی نے وضاحت کی کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے ‘ریفرنس ٹیرف’ کا تعین کرتی ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) ایک ماہ میں بجلی کی پیداوار پر آنے والی لاگت کا تعین کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا کی مقررہ قیمت کے مقابلے میں ایندھن کی قیمت میں کمی پر صارفین کے لئے قیمت میں کمی آتی ہے، نیپرا ٹیرف سے قیمت زائد ہونے پر ایندھن کی اصل قیمت اور ایندھن کی مقررہ قیمت کے درمیان فرق کی رقم وصول کی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس فرق کو وصول نہ کرنےسے ملکی خسارے میں اضافہ ہوتا ہے، نیپرا ہر ماہ کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتی ہے۔
