سیکیورٹی فورسز نے بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران 2 بہادر جوان بھی شہید ہوگئے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پزیرائی کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بونیر میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمنوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن کے بہادر جوانوں کی جرآت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران لانس حوالدرا مدسر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا جب کہ شہداء کے لئے مغفرت اور سوگواران کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے بیٹوں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کی جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
