تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مجبور قومی موومنٹ کراچی کی تمام نشستوں سے شکست کھا چکے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 241 میں دھاندلی کے الزام پر آزاد امیدوار خرم شیرزمان کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ این اے 241 سے کامیاب امیدوار مرزا اختیار بیگ اور دیگر فریقین ٹریبونل میں پیش نہیں ہوئے جس پر ٹربیونل نے مرزا اختیار بیگ اور دیگر کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 مئی تک سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق کامیاب ہوا تھا، فارم 47 میں مرزا اختیار بیگ کو کامیاب قرار دے دیا۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں دھاندلی سے جیتی ہے ، پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی عدالتوں سے دور بھاگ رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور مجبور قومی موومنٹ کراچی کی تمام نشستوں سے شکست کھا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام امیدوار جو فارم 45 کے مطابق کامیاب ہوئے تھے وہ ایوان میں پہنچیں گے، اگر مرزا اختیار بیگ سمجھتے ہیں کہ وہ 5 سال تک تاخیری حربے استعمال کر سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں، عدلیہ کے ذریعے ہی پی پی اور ایم کیوایم کے دھاندلی سے جیتنے والوں کو ایوان سے باہر نکالیں گے۔
