غیر معیاری خوراک کی روک تھام کیلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے کریانہ سٹورز، سویٹس اینڈ بیکرز اور ملک شاپس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 295 لٹر زائد المعیاد مشروبات، 92 لٹر ملاوٹی سوڈا واٹر، 40 لٹر ملاوٹی دودھ، 40 کلو خشک دودھ، 17 کلو ممنوعہ چائنہ نمک، 7 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں تلف کی گئیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ایکسپائری مشروبات اور ممنوعہ مصالحہ جات کی فروخت پر 6 کریانہ سٹورز کو 62 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
محمد عاصم جاوید نے کہا کہ اڈہ جمال، ریلوے روڈ حاصل پور اور نوشہرہ جدید میں میں کریانہ سٹورز کو چیک کیا گیا۔ مشروبات کی تیاری میں مصنوعی اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر بستی سملہ میں سوڈا واٹر فیکٹری کو 10 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ریلوے روڈ احمد پور شرقیہ میں ملک شاپ کو ملاوٹی دودھ بیچنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز کی فروخت پر میزائل چوک پر سویٹس اینڈ بیکرز کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو غیر معیاری خوراک سپلائی کرنے والے عناصر کیخلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ غیر معیاری خوراک کی روک تھام پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
