یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کے بعد یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔
یورپی یونین کی ایران پر موجودہ پابندیوں میں توسیع میزائلوں اور ان کی روس کو ممکنہ منتقلی کا احاطہ کرے گی۔
یورپی یونین نے پہلے ہی ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور روس کو ڈرونز کی فراہمی پر متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
تاہم یورپی یونین کے متعدد ممالک نے ڈرون سے متعلق پابندیوں کے نظام کو وسیع کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ میزائلوں اور پراکسی فورسز کو منتقلی کا احاطہ کیا جا سکے۔
