چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی نے چیف جسٹس کا مختص پروٹوکول واپس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے چیف جسٹس کے لیے مختص پروٹوکول واپس کردیا جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ پروٹوکول کی صرف دو گاڑیاں رہ گئیں۔
سپریم کورٹ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی گاڑی بدھ کو سپریم کورٹ رجسٹری سے واپسی پر تمام سگنلز پر رکتی رہی جب کہ چیف جسٹس نے ہدایت کی ہے کہ گاڑی کے آگے پائلٹ نہیں رکھا جائے، سفر کے دوران معمول کا ٹریفک رواں رہنا چاہئے۔
علاوہ ازیں 2 سال چار ماہ بعد کراچی تجاوزات کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سابق ناظم نعمت اللہ خان کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔
دوران سماعت شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائیں گی جب کہ سپریم کورٹ نے تجاوزات ختم کرنے کراچی سرکلر ریلوے بھی بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاہم ٹریفک کی روانگی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
کیس کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ، وفاقی حکومت ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔