مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل آج گورنر بلوچستان کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
گورنر بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوگی۔ نامزد گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل آج 11 بجےعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس حوالے سے گورنر ہاوس میں تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ نامزد گورنربلوچستان سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ،وزراء ، سیاسی و قبائلی عمائدین شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان حکومت سازی کے فارمولے کے تحت گورنر کا عہدہ ن لیگ کو دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے گورنر کے عہدے کے لیے شیخ جعفر خان مندوخیل کو نامزد کیاُ گیا تھا ۔
شیخ جعفر خان مندوخیل کا شمار بلوچستان کے سینئر ترین سیاستدانوں میں ہوتا ہے اور وہ پرانے مسلم لیگی ہیں۔
شیخ جعفر خان مندوخیل 1990 سے 2013 تک داخلہ اور خزانہ سمیت مختلف محکموں کے وزیر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیتے رہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری آج اپنے پہلے دورہ بلوچستان پر کوئٹہ پہنچ رہے ہیں۔
