Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اعلان

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اعلان کردیا۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے وزیر اقتصادی امور کی زیر قیادت پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات کی۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اے ڈی بی کی پاکستان کی حمایت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ صدر اے ڈی بی نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے سخت اقدامات کی تعریف کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اقتصادی امور نے پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی فراخدلانہ حمایت کی تعریف کی جب کہ اے ڈی بی کی طویل المدتی حمایت پر وزیر چیمہ نے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے اے ڈی بی کی جانب سے اضافی 100 بلین ڈالر کے حصول کی تعریف کی جب کہ وزیر چیمہ نے اے ڈی بی سے وسائل کو موسمیاتی اقدامات اور کمزور ممالک کے لیے استعمال کرنے کی درخواست کی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اے ڈی بی کی جانب سے عوامی و نجی شراکت داری اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر احد چیمہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور یورپیئن انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ ملاقاتیں کی، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حمایت پر وزیر چیمہ نے بین الاقوامی بینکوں کے سینئر قیادت کے ساتھ بات چیت کی۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبے اور ترجیحی شعبے زیر بحث آئے۔ وزیر احد چیمہ نے برطانیہ، جرمنی، اور امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ٹیکسیشن سسٹم کے مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر بات چیت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version