Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز سے اسسٹنٹ کمشنروں کی ملاقات، میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں کی ملاقات۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی جس دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائے، عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ فرض اولین ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے، ینگ آفیسرز کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا جب کہ عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، میرے سمیت کسی کی غلط بات نہ مانیں۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھیں اور جائز کام ہر ایک کا کیا جائے جب کہ ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا۔ ایجوکیشن، ہیلتھ، پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20 روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے۔ پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں، کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی۔ اسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ افسران عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں جب کہ یہ اسسٹنٹ کمشنر میری آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version