ایف بی آر میں غفلت کے مرتکب افسران کی نشاندہی کرنے کیلئے قائم انکوائری کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایف بی آرکے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پراعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ناقص منصوبہ بندی، نفاذ میں غفلت سے ملکی معیشت کونقصان پہنچا۔
اجلاس کے دوران غفلت کے مرتکب افسران کی نشاندہی کرنے سے متعلق قائم انکوائری کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹراورممبرآپریشنزان لینڈریونیوغفلت کےمرتکب پائےگئے۔
کمیٹی نے رپورٹ میں بتایا کہ ناقص نگرانی کے لیے اس وقت کے چیئرمین ایف بی آر ذمہ دارٹھہرائے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کے نفاذ میں جلدبازی کرکے اہم شقوں کونظراندازکیوں کیا گیا؟ انھوں نے سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ لائسنس کے ساتھ معاہدے پرفوراً نظرثانی کی جائے، تھرڈ پارٹی آڈٹ اورتنازعات کے حل کے متبادل نظام کی شقیں بھی شامل کی جائیں۔
وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی کوجامع رپورٹ مرتب کرنے پرسراہا۔
