وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے شہید مزدوروں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پسماندگان کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے، دہشت گردوں کے خلاف جس قسم کی فورس استعمال کرنا پڑی کریں گے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
واضح رہے کہ گوادر میں نامعلوم مسحلہ افراد کی جانب سے سربندر میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کردیا گیا جب کہ فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
