سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر کو ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی تعزیت کے لیے ٹیلی فون کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی روابط سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔ ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر مخبر نے سعودی ولی عہد کو دورہ ایران کی دعوت دی۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ ایران کی دعوت قبول کرتے ہوئے ایران کے قائم مقام صدر کو دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی دی۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر 19 مئی کو آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر میں 9 افراد سوار تھے، جن میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد الہاشم،صدر کے سکیورٹی یونٹ کے کمانڈر سردار سید مہدی موسوی، باڈی گارڈ اور ہیلی کاپٹر کا عملہ موجود تھے۔




















