فرانس میں دنیا کی خوبصورت اور معروف ترین شاہراہ شانزے لیزے پر منعقد کی گئی سال کی سب سے بڑی پکنک میں چار ہزار سے زائد لوگوں نے حصہ لیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کی دنیا کی خوبصورت اور بڑی شاہراہ شانزے لیزے پر سال کی سب سے بڑی پکنک پارٹی کا اہتمام کیا گیا، اس پارٹی کے مہمان خصوصی فرانسیسی صدراتی محل میں 25 سال تک ہیڈ شیف رہنے والے گیلوم گومز تھے۔
پکنک پارٹی میں حصہ لینے کے لئے 2 لاکھ 73 ہزار لوگوں نے درخواست دی، قرعہ اندازی کے ذریعے 4 ہزار خوش نصیب منتخب ہوئے۔
شاہراہ شانزے لیزے پر دو سو بہتر میٹر لمبا سرخ اور سفید دسترخوان بچھایا گیا اور منتظمین کے 8 پارٹنر ریستورانوں کی جانب سے مہمانوں کو مفت پیک کھانا تقسیم کیا گیا۔
خوبصورت شاہراہ پر پیک شدہ ٹوکریوں میں مزیدار کھانے ، آرام دہ کشن، اور تفریحی سرگرمیوں نے میلے کا سماں باندھ دیا۔ فرانسیسی پکوانوں کی مہک اور ذائقوں سے مہمان خوب محظوظ ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے شاہراہ شانزے لیزے کمیٹی نے اس شاہراہ پر اوپن ائر دیوہیکل سنیما ، اوپن ائر سب سے بڑے ڈکٹیشن کے بعد اب تقریباً 4,000 لوگوں کے لئے گرینڈ پکنک کا اہتمام کیا ہے۔




















