آسٹریلیا کی والی بال ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں تین میچوں کی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
آسٹریلین والی بال ٹیم کی قیادت نحیمیا موٹے کر رہے ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے اعلیٰ حکام نے آسٹریلین ٹیم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین میچوں کی سیریز لیاقت جمنازیم میں کھیلی جائے گی، پہلا میچ 28 مئی، دوسرا 29 مئی اور تیسرا میچ 30 مئی کو ہو گا۔
آسٹریلین والی بال ٹیم کل پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی، پریکٹس سیشن کے بعد آسٹریلین ٹیم کے کپتان نحیمیا موٹے پریس کانفرنس کریں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف قومی والی بال ٹیم کی قیادت مراد جہاں کریں گے۔
آسٹریلین والی بال ٹیم کی ملک میں تاریخی آمد پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے چئیرمین چوہدری محمد یعقوب نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ٹیم کو اس سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
