سعودی عرب نے رفح پر اسرائیل کے تازہ ترین حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے آج کہا ہے کہ سعودی عرب اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے مسلسل قتل عام اور غزہ کی پٹی میں نہتے شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق تازہ ترین واقعہ رفح کے شمال مغرب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے گوداموں کے قریب بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنانا ہے۔
بیان میں سعودی عرب نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے تمام بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی قراردادوں، قوانین اور اصولوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کو واضح طور پر مسترد کردیا۔
فلسطینی حکام کے مطابق گذشتہ رات اسرائیلی حملوں میں رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرے۔




















