Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کی ایک بار پھر پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار

لاہور: مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی ایک بار پھر پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔

مسلم لیگ ن کے صدر کے انتخاب کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا ہے، تمام تجویز کنندگان اور تائید کنندگان جانچ پڑتال کے لئے پارٹی سیکرٹریٹ میں موجود ہیں۔

جانچ پڑتال کا عمل دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گا جب کہ پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے ہیں۔

رانا ثناء اللہ پارٹی صدر کے عہدے کے لئے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے۔

پارٹی کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی ایک بار پھر پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پارٹی صدر کے عہدے کے لیے نواز شریف کے اب تک 8 کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پارٹی کے الیکشن کمیشن کے رکن کھیل داس کوہستانی نے مختلف رہنماوں سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے چاروں صوبوں سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے بھی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔

صوبہ سندھ سے مسلم لیگ ن کے صدر بشیر میمن نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، صوبہ خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ ن کے صدر امیر مقام نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

مسلم لیگ ن بلوچستان کے سینئر رہنما سردار یعقوب ناصر نے بلوچستان سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

سینیٹر نزہت صادق اور سینیٹر انوشے رحمان کی جانب سے بھی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے جب کہ اسلام آباد سے عقیل انجم نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

واضح رہے کہ دوپہر ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت رکھا گیا ہے، سہہ پہر 3 بجے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version