وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسپین کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسپین کے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کاہ کہ اسپین کا فلسطین کی حقیقت کو تسلیم کرنا بین الاقوامی منظر نامے پر ایک مثبت پیش رفت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز اور عوام نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے تاریخی ظلم و جبر اورغاصبانہ عزائم کو مسترد کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز رفح میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 45 فلسطینی شہید ہوئے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جب کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی نسل کشی کو ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کی آزاد ریاست اور بیت المقدس کو بطور دارالحکومت کے قیام تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل اسپین کے وزیراعظم نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
فرانس کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا فیصلہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے بلکہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
