Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا لاہور مال روڈ پر یوم تکبیر کارواں کا انعقاد

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایٹمی طاقت دفاع کی ضامن،  محفوظ، متحد اور مضبوط پاکستان بنا کر دم لیں گے۔

 پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام تکبیر کارواں کا انعقاد کیا گیا، ضلع بھر سے تکبیر کارواں میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تکبیر کارواں سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر چوہدری محمد سرور، انجنئیر عادل خلیق، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، فلسطینی رہنما ابو عبیدہ، ریاض احمد احسان، عمر عبداللہ، ادریس فاروقی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

نائب صدر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی آج کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے، 26 سال قبل پورا پاکستان اللہ کی کبریائی کے نعروں سے گونج اٹھا تھا ۔ ہم نے یوم تکبیر منانے کا اعلان کیا تو لوگوں نے ملامت کی اور ہمیں پیچھے ہٹانے کی کوشش کی۔

لیکن ہم آج سے تحریک کا آغاز کررہے ہیں کہ اس وطن کو لا الہ الا اللہ کا ملک بنائیں گے۔ وطن عزیز کی صورتحال پارٹیوں یا چہرے بدلنے سے نہیں ہوگی، اسلام پر عمل سے بدلے گی۔ ہم نے صرف ووٹ کی نہیں بلکہ نظریہ کی جنگ لڑنی ہے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حکمران اپنوں کو پس زنداں ڈال رہے ہیں اور غیروں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں۔

ہمارا دشمن تقسیم در تقسیم کے زریعے ہمیں تباہ کرنا چاہتا ہے، مرکزی مسلم لیگ پاکستان کی بقا اور سالمیت کا معرکہ سر کرے گی، ہم پارٹی اور دھڑے بازی کی بجائے خدمت کی سیاست کا علم لے کر نکلے ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ لاہور کے صدر انجنئیر عادل خلیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت مایوسی کا عالم ہے، نوجوان اس ملک سے مایوس ہیں، مرکزی مسلم لیگ اندھیروں سے اجالے کا سفر طے کرے گی اور وطن عزیز کو ترقی کی منزلوں پر گامزن کرے گی۔

جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن جرآت دلیری بہادی اور شجاعت کا دن ہے، پاکستان کے عوام کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں ہونے دیں گے۔آج جو شیخ مجیب کو ہیرو ثابت کرنا چاہتے ہیں اپنا قبلہ درست کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہر چور ڈاکو کو کہنا چاہتے ہیں تمہارا وقت پورا ہوا، یہ وقت پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا وقت ہے۔

فلسطینی رہنما شیخ  ابو عبیدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ماہ سے غزہ میں جنگی جرائم اور فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔اہل غزہ نے جانیں دے کر استقامت کی انمٹ مثالیں پیش کیں۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف کوئی بھی سازش نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور کسی بھئ جارحیت کی صورت میں اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا۔

تکبیر کارواں سے ریاض احمد احسان،چوہدری، مختار گجر،شیخ صداقت ،ڈاکٹر عمران، آمین بیگ اور حافظ عثمان سمیت دیگر نے کہا کہ حکومت ایٹمی پروگرام پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے باز رہے، معاشی  استحکام کے لیے حکومت کفایت شعاری اور خود انحصاری کی پالیسی بنائے۔

ایٹمی صلاحیت کی بنیاد ہر بیرونی دشمنوں سے  ہم محفوظ ہیں لیکن حالیہ بڑھتی ہوئی منافرت اور تقسیم تباہ کن ہے۔

مقتدرہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز مل کر وطن عزیز کو اس بحران سے نکالیں، اپنی اناؤں کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کے  استحکام کے لیے کردار ادا کریں، مرکزی مسلم لیگ اتحاد اور خدمت کی سیاست کے ذریعے اس ملک کی تقدیر بدلے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version